بنگلورو، 2؍نومبر(ایس او نیوز) غریب طبقوں کو حفظان صحت کی اسکیم آروگیہ بھاگیہ کے تحت تمام تر سہولتیں صرف حکومت کی طرف سے فراہم کرنا ممکن نہیں ہے، اس اسکیم کو کامیاب بنانے کے لئے نجی اسپتالوں کا اشتراک بھی ضروری ہے۔تاکہ سماج کے غریب ترین افراد کو بہتر طبی خدمات تک رسائی مہیا کرائی جاسکے۔ یہ بات آج وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے کہی۔
بنگلور ٹروما کورس کے کانوکیشن میں حصہ لیتے ہوئے کمار سوامی نے کہاکہ جنتا درشن کے دوران طبی امداد کے لئے بیشمار درخواستیں موصول ہوتی ہیں جن میں اکثریت قلبی امراض، گردوں کے امراض ، کینسروغیرہ سے جڑی ہوئی ہوتی ہیں۔ ان بیماریوں کا قیمتی علاج بعض اوقات غریب اور متوسط طبقے کی پہنچ سے دور ہے۔ ان تمام مستحقوں کا علاج صرف سرکاری خرچ پر ممکن نہیں۔ اس کے لئے نجی انتظامیہ کو بھی دست تعاون بڑھانا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ تمام کو بہتر صحت مہیا کرائی جاسکے اس کے لئے حکومت کی طرف سے ہر ضلع میں سوپر اسپیشالٹی اسپتال کے قیام کا منصوبہ مرتب کیاگیا ہے اور حکومت اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کی پابند ہے۔ انہوں نے کہاکہ شعبۂ صحت میں کرناٹک کو سر فہرست لانے کے لئے کئی پروگرام مرتب کئے گئے ہیں۔ جئے دیوا اسپتال، قدوائی کینسر انسٹی ٹیوٹ، سنجے گاندھی اسپتال اور نمہانس اسپتال کے ذریعے غریب طبقوں کو بہتر طبی خدمات فراہم کرنے کا سلسلہ سارے ملک میں سراہا جارہاہے۔
ریاستی حکومت کی طرف سے سڑک حادثوں کا شکار افراد کی مدد کے لئے قومی شاہراہوں پر دس ٹروما کیئر سنٹرس قائم کئے گئے ہیں تاکہ کسی بھی مقام پر سڑک حادثے کے فوراً بعد متاثرین کو ان سنٹروں تک پہنچادیا جائے اور وہاں ان کی فوری طبی امداد فراہم کرانے کا کام ہوسکے۔ اس موقع پر ڈاکٹر ایچ ایس چندر شیکھر ، ڈاکٹر ستیش اور دیگر شخصیات موجود تھیں۔